اسلام آباد: لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جانب سے حکومت کو دئیے گئے حتمی الٹی میٹم میں ایک گھنٹہ باقی رہ گیا، ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کی کوشش پردھرنے کے شرکاء پر پولیس ٹوٹ پڑی۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، لیڈی ہیلتھ ورکرزکا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈی چوک دھرنے کی جگہ پر آنے سے روکا جا رہا ہے۔
لیڈی ہیلتھ ورکرزکا کہنا ہے کہ حکومت کو دی گئی مہلت ایک گھنٹے بعد ختم ہورہی ہے تاہم حکومت کی جانب سے آج مذاکرات کے لیے کوئی بھی عہدیدار ڈی چوک نہیں آیاجس کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔
دھرنا کے شرکاء میں مختلف شہروں سے پہنچنے والی مزید ورکرز میں اضافہ ہوگیا،حکومت کی جانب سے کسی بھی نقصان کے پیش نظر میٹرو بس کو فیض احمد فیض تک محدود کر دیا گیا،مختلف شہروں سے ڈی چوک پہنچنے کی خواہشمند لیڈی ہیلتھ ورکرز پیدل ہی چل پڑیں۔
پولیس اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مابین وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، مظاہرین کے 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے کے اعلان کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے۔