کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ سندھ نے نئے نیول چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ آپ کا تعلق سندھ کے علاقے سانگھڑ سے ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی تعلیم کے نظام کو مزید بہتر کرنا ہوگا، ہمارے ماہیگیروں کے بچوں کو نیوی میں مواقع ملنے چاہئے۔
ماہیگریوں کے نیول جوائن کرنے کیلئے کوئی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے، ماہیگیروں کا سمندر سے گہرا تعلق ہے، ان کو نیوی میں لاکر اس تعلق کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آپ کا نیوی کے اعلیٰ مقام پر پہنچنا ہمارے نوجوانوں کیلئے انسپائیریشن کی بات ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے نیول چیف کو شیلڈ اور روایتی تحائف دیئے، نیول چیف نے وزیراعلیٰ سندھ کاشکریہ ادا کیا۔