کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،گندم کی خریداری کی قیمت مقرر کرنے کے ایجنڈے اور گنے کی کم سے کم قیمت مقرر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سندھ حکومت نے گنے کی قیمت 202 روپے فی 40 کلوگرام اورگندم 2000 روپے فی 40 کلوگرام کی سپورٹ پرائس مقرر کردی ہے، کوالٹی پریمیم 50 پیسہ جبکہ 30 نومبر کرشنگ سیزن مقرر کیا گیاہے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 200 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی ہے جس پر تمام وزراء نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھانے پر اتفاق کیا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ اگر گندم کی قیمت نہیں بڑھائی گئی تو اگلے سال پھر ہمیں گندم درآمدکرنی پڑے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم باہر کی کم معیار والی گندم پر زیادہ خرچ کرتے ہیں لیکن مقامی آبادگاروں کو ہم اچھی رقم دینے کے لئے تیار نہیں، درآمد شدہ گندم کا معیار ہماری اپنی گندم کے معیار سے کم ہے۔
سیکریٹری خوراک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 8-2007 میں سپورٹ پرائس 625 فی 40 کلوگرام تھی۔