کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے اسلام قبول کرکے شادی کرنے والی آرزو فاطمہ کے کیس میں دائر درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالت نے پولیس کو آرزو فاطمہ کے شوہر علی اظہر کو گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ عدالت نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ،ایس ایچ او فریئر تھانے و دیگر کو نوٹس جاری کردئیے ۔
سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں آرزو فاطمہ کا کہنا ہے کہ میرا تعلق عیسائی گھرانے سے تھا مگر بعد میں اسلام قبول کرلیا، میں نے اپنے گھر والواں کو بھی اسلام قبول کرنے کا کہا مگر انہوں نے انکار کردیا۔
درخواست گزار عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ میں نے بغیر کسی دباؤکے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ہے اوراپنی مرضی سے علی اظہر سے پسند کی شادی کی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پسند کی شادی کرنے پر میرے والد نے میرے شوہر کی پوری فیملی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔