راولپنڈی:سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان امن عمل کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان بارڈر مینجمنٹ سے متعلق بات چیت کی گئی جبکہ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کے حصول کیلئے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف اور زلمے خلیل زاد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی زلمے خلیل زاد امریکی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر بھی سپہ سالار سے اہم ملاقات کی تھی۔ آرمی چیف اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کے درمیان یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی تھی۔
ملاقات کے دوران پاک افغان سرحدی انتظامات اور افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت پر غور کیا گیا۔ دونوں امریکی حکام نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور امن کے لئے کوششوں پر تعریف کی۔