راولپنڈی: مائیکروسافٹ کے بانی و مخیر شخصیت بل گیٹس نے کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافے کے دوران پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی اور کورونا کے دوران پاکستان کے رد عمل اور پولیو ویکسین مہم دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بات کی۔
بل گیٹس نے اس سال کمیونٹی رہنماؤں کی شمولیت کے ذریعے قومی پولیو مہم کی حمایت کرنے اور پولیو مہمات کی مناسب پہنچ اور کوریج کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی تعریف کی۔
گفتگو کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ قومی مقصد اور قومی کوشش ہے، اب تک کی کامیابی کا سہرا نچلی سطح کے کارکنوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صحت کے نمائندوں کو جاتا ہے۔
آرمی چیف نے یہ بھی وعدہ کیا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور تمام بچوں کی صحت میں بہتری لانے کے لئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
بل گیٹس نے وبائی امراض کے درمیان پولیو مہمات کیلئے حفاظتی انتظامات کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔