کراچی : پاکستان سپر لیگ فائیو کا فائنل کل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، پی ایس ایل کے فائنل میں پہلی بار کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
کراچی اور لاہور کے درمیان میچ سے قبل شائقین کرکٹ کے درمیان سوشل میڈیا پر جنگ جاری ہے اور کراچی اور لاہور کے درمیان پی ایس ایل کے فائنل میں پاک بھارت مقابلوں جیسا جوش و خروش پایا جا رہاہے۔
پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، کراچی میں ہونیوالا یہ تاریخی مقابلہ بغیر شائقین کے خالی گراؤنڈ میں ہوگا، میچ میں علیم ڈار اور مائیکل گف فیلڈ امپائر جبکہ احسن رضا تیسرے امپائر ہونگے، میچ ریفری کی ذمہ داری محمد انیس ادا کرینگے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے فائنل کیلئے کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہے، کراچی کے بابر اعظم ،محمد عامراور شرجیل خان جیسے کھلاڑی تن تنہا بازی پلٹ سکتے ہیں تو لاہور کے محمد حفیظ ، بین ڈک اور شاہین آفریدی بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان راویتی حریف جیسا جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اس لئے اس مقابلے کو پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جارہاہے۔