کورنگی :کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور سندھ حکومت کی جاری کردہ ایس او پیزکی خلاف ورزیوں پر کورنگی کے سب ڈویژن شاہ فیصل میں سخت ایکشن، متعدد دکانیں اور ہوٹل سیل کردیئے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل زون نور مصطفیٰ لغاری نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور سندھ حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر اچانک دورہ کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی 2 نمبر میں واقع موبائل مال، شمع شاپنگ سینٹر میں گارمنٹس کی دکانوں سمیت فاسٹ فوڈ سینٹرز اور آئسکریم پارلرز سِیل کردیئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل زون نور مصطفیٰ لغاری کا کہنا تھا کہ کورنا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
کاروباری حضرات لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں کسی قسم کا رِسک نہیں لے سکتے، پھیلاؤ روکنے کیلئے سخت ایکشن لیا جائیگا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 547 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 مزید شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 65 ہزار 927 افراد متاثر اور 7 ہزار 248 انتقال کر گئے۔
وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک 50 لاکھ 55 ہزار 382 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 899 ٹیسٹ ہوئے۔
ملک بھر میں فعال کیسز 32ہزار سے تجاوز کر گئے۔صوبہ سندھ میں کورونا وائرس نے 1 لاکھ 58 ہزار559 افراد کو متاثر کیا۔
خیبر پختونخوا میں 43 ہزار52 ، پنجاب میں 1 لاکھ 12 ہزار284 جبکہ اسلام آباد میں 25 ہزار 278 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔
بلوچستان میں 16ہزار582، آزاد کشمیر میں 5 ہزار690 جبکہ گلگت بلتستان میں 4ہزار 482 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ سندھ میں ہوئیں۔