لاہور میں گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کا قتل، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور میں گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کا قتل، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا
لاہور میں گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کا قتل، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

لاہور میں پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کے قتل کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کو نامعلوم ملزم نے قتل کیا تھا  جس پر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ  بھائی کوان کے سالوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جس پر لاہور پولیس حرکت میں آگئی۔

داتا کی نگری لاہور میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقتول عبدالوحید کے قتل میں ان کا سالا ہی ملوث ہے، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ عبدالوحید اور اہلیہ کا آپس میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس پر ملزم کو مقتول پر غصہ تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دین عباس نے اپنے دوست ارسلان رضا کو ساتھ ملا کر عبدالوحید پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ دونوں ملزمان عبدالوحید کو قتل کرکے فرار ہونے کے بعد روپوش تھے۔

بادامی باغ کے اعلیٰ افسران نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل  معروف گلوکارہ شبنم مجید نے دعویٰ کیا کہ میرے بھائی کو بیوی سے لڑائی کے بعد سالوں نے قتل کردیا، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

گلوکارہ شبنم مجید کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ میرے بھائی اور بھابھی کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز بھی دونوں میاں بیوی میں لڑائی ہوئی اور کچھ دیر بعد گولیاں چلنے کی آواز آئی۔

مزید پڑھیں: بیوی سے لڑائی، گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کو سالوں نے قتل کردیا

Related Posts