برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عائد لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں 10 جنوری تک توسیع کردی ہے۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کاکہنا ہے کہ جرمنی اپنی ثقافتی اور کھیلوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ریستوران اور بارز 10 جنوری تک بند رکھے گا، ان کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں کورونا کی صورتحال برقرار رہی تو 4 جنوری کو پابندی کے حوالے سے دوبارہ جائزہ لینگے تاہم جاری لاک ڈاؤن کو 10 جنوری تک بڑھایا جارہا ہے۔
ایک ہفتہ قبل ہونے والی ایک میٹنگ کے دوران جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور ریاستی وزیر اعظم نے نومبر میں شروع ہونے والے شٹ ڈاؤن کو بڑھانے پر اتفاق کیا تھا جب تک کہ انفیکشن کی نئی تعداد میں کمی واقع نہ ہو لیکن اس کی حتمی تاریخ متعین نہیں کی گئی۔
یورپ میں بائیو ٹیک فائزر کورونا ویکسین کے استعمال کے لئے درخواستوں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ویکسین سے مجموعی طور پر 70 ملین خوراک اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں فراہم کی جاسکتی ہے لیکن جرمنی کی 80 ملین آبادی کے لئے یہ کافی نہیں ہوگی۔