نیویارک: اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کے صدر و پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کورونا ویکسین تک بغیر کسی امتیاز کے برابر رسائی پر زور دیا ہے۔
صحت کے بحران کے جواب میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے نے کہا کہ یہ ویکسین ہر ایک کو فراہم کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وائرس کے خلاف ویکسین شعبہ صحت کے کارکنوں ، خواتین اور بچوں اور دوسروں کی ترجیحی بنیادوں پر مساوی بنیاد پر ہر جگہ ، امیر یا غریب ، مرد یا خواتین سب کے لئے دستیاب ہوجائے۔
منیر کہا کہ دوا کی ایڈوانس خریداری کے لئے اجازت نہیں ہونی چاہئے بلکہ کورونا ویکسین تک بغیر کسی امتیاز کے برابر رسائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین تیار کی جارہی ہے اور کئی ممالک نے ویکسین کی خریداری کیلئے ادویہ ساز کمپنیوں سے معاہدے بھی کرلئے ہیں۔
برطانیہ کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا ملک ہے جہاں رواں ماہ کورونا ویکسین عوام کو دینا شروع کردی جائے گی۔