راولپنڈی: قوم کے ہونہار اور نڈر سپوت میجر شبیر شریف کا یومِ شہادت آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جس پر پاک فوج نے میجر شبیر شریف شہید کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
میجرشبیر شریف شہید نے سن 1965ء کی جنگ میں بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا اور ستارۂ جرات کے ساتھ ساتھ اعزازی شمشیر بھی حاصل کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہم نشانِ حیدر جیسے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ میجر شبیر شریف نے 1971ء کی جنگ میں شہادت پائی اور نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ جرات و بہادری اور وطن سے محبت کی اعلیٰ ترین مثال تھے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ سن 1965ء اور سن 1971ء کی پاک بھارت جنگوں میں میجر شبیر شریف شہید کی جرات و بہادری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قوم کو فاتح بنانے کیلئے تعداد نہیں بلکہ ایمان، ایثار اور ہمت و حوصلہ ضروری ہوتا ہے۔
Tribute 2 Maj Shabbir Sharif Shaheed, NH, recipient of Sword of Honour, SJ in 65, NH in 71. He symbolises valour & patriotism. His heroic actions in 65 & 71 wars remind us, it’s not numbers but faith, devotion & courage in adversity which make nations triumph#OurMartyrsOurHeroes
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 5, 2020
سن 1971ء میں 6 دسمبر کے روز میجر شبیر شریف نے مغربی محاذ کے سلیمانکی سیکٹر میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہادت پائی۔
دشمن سے جنگ کے دوران میجر شبیر شریف اور ان کی ٹیم نے بھارت کے 4 ٹینکس تباہ کردئیے اور 43 سپاہیوں کو جہنم واصل کردیا۔ انہیں سن 1971ء کی جنگ کا ہیرو تسلیم کرتے ہوئے نشانِ حیدر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
قبل ازیں میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943 کو ضلع گجرات کے گاؤں کنجاہ میں پیدا ہوئے اور 19 اپریل 1964ء کو فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بھائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نشانِ حیدر یافتہ قوم کے نڈر سپوت میجر محمد اکرم کا یومِ شہادت
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








