اسلام آباد: تھانہ رمنا کے علاقے جی 12 سے فاطمہ نامی خاتون کی لاش ملنے کا معاملہ حل ہوگیا، تھانہ رمنا پولیس کے ہومی سائیڈ یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے، قتل کی واردات میں ملوث خاتون کیشوہر ارشد عباس کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ فاطمہ بی بی کو اس کے شوہر نے قتل کیا تھا، ملزم ارشد عباس نے دو دن قبل اپنی بیوی کو پھندا دیکر قتل کرکے خودکشی کا ڈرامہ رچایا تھا، پولیس کو چکما دینے کی کوشش کی تھی۔
ایس پی صدر زون محمد سرفراز ورک نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، ایس ڈی پی او مارگلہ ملک عابد اکرام کی زیر نگرانی میں ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی گئی۔
ایس ایچ او اور ہومی سائیڈ یونٹ کے انسپکٹر اعظم ساہی،ایس آئی اصف خان نے شواہد کی روشنی میں ملزم ارشد عباس کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چاہے کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔