اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے قومی سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی طرف سے بنائی گئی این جی اوز کی تحقیقات کرے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے گلگت بلتستان، بلوچستان کے نام سے خبریں چلائیں، مرے ہوئے افراد کا نام بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا، یورپی پارلیمنٹ کے لیٹرہیڈ کو استعمال کیا گیا، سری واستوا گروپ نے جھوٹ اور پروپیگنڈے کے جال کی قیادت کی۔
انہوں نے کہا کہ 116 ممالک میں جھوٹے پروپیگنڈے کا جال بچھایا گیا، جھوٹ پر مبنی بھارتی بیانیے کو مختلف فورمز پر اٹھایا گیا، بھارت نے دنیا بھر میں 750 سے زائد جعلی میڈیا تنظیمیں تشکیل دیں، جعلی ویب سائٹس اور جعلی شخصیات کا استعمال کیا گیا۔
بھارت نے یورپی پارلیمنٹ کو اپنی سازش میں استعمال کیا، 30 سال سے بند این جی اوز کا نام استعمال کر کے پاکستان کیخلاف بات کی گئی، یورپی پارلیمانی وفد سے مختلف اخبارات میں من پسند آرٹیکلز لکھوائے گئے
معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے جعلی این جی اوز کے ذریعے اقوام متحدہ کو متاثر کیا، بھارت نے یورپی پارلیمانی وفد کو پاکستان کے خلاف اکسایا، بھارت نے من پسند عنوان یورپی پارلیمانی وفد کو دیئے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اے این آئی کو بھی استعمال کررہا ہے، پروپیگنڈے کیلئے اے این آئی جیسی تنظیموں کے استعمال پر تشویش ہے۔
بھارتی ریاست کی پشت پناہی میں جعلی این جی اوز کا استعمال کیا گیا، اقوام متحدہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی این جی اوز کی تحقیقات کرے۔
بھارت نے فیٹف میں بھی پاکستان کیخلاف بھرپور مہم جوئی کی، عالمی فورمز پر پاکستان کو نیچا دکھانے کی بھارتی کوششیں ناکام رہیں۔