چیف سیکریٹری کے احکامات نظر انداز، شارق الیاس کو پی ڈی اورنگی ہونے کی سند جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

KMC

کراچی: سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی جمیل فاروقی نے کرپشن میں 7 سال کی سزا پانے والے شارق الیاس کو ایک بار پھر پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ہونے کی سند جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق میئر کراچی کے پراجیکٹ اورنگی ٹاؤن کی قیمتی اراضی ہتھیانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیےدوہری شہریت کے حامل افسر سینئر ڈائریکٹر جمیل فاروقی نے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے احکامات کو اپنے جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے 2013ء میں کرپشن پر7 سال کی سزا پانے والے شارق الیاس کو ایک بار پھر پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن تعینات ہونے کی سند جاری کردی۔

گزشتہ روز یعنی 30 دسمبر سندھ حکومت سے جمیل فاروقی کی بغاوت کا سیاہ دن قرار دیا جانے لگا۔ احتساب عدالت نے شارق الیاس کوبد ترین کرپشن کا جرم ثابت ہو جانے کے بعد 28 اگست 2013 کو  7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ایک قومی مجرم کو دوسرے قومی مجرم نے اورنگی ٹاؤن کے پلاٹس سابق میئر کراچی کے چہیتے عزیزوں میں تقسیم کرنے کے لیے پی ڈی اورنگی بنا رکھا ہے۔

موصوف سینئر ڈائریکٹر جمیل فاروقی خود بھی کرپشن کے الزام میں فارغ شدہ ہیں اور ملک سے 4 سال فرار رہ کر جب واپس آئے تو سیاسی بنیاد پر دوبارنہ صرف بحال ہوئے بلکہ ان 4 سال کی تنخواہ بھی سیاسی سفارش پر غیر قانونی طور پر وصول کر لی۔ آج وہ اسی مہر بانی کا حقِ نمک ادا کرنے کے لیے کرپٹ اور نیب سے سزا یافتہ مجرم شارق الیاس کو چیف سیکریٹری کے احکامات کے مد مقابل لے آئے ہیں۔

 جمیل فاروقی نے شارق الیاس کے حق میں ایک سند جاری کی ہے  جو چیف سیکریٹری سندھ کو جمیل فاروقی کا کھلا چیلنج ہے جبکہ جمیل فاروقی کے اس اقدام سے سندھ حکومت کی رٹ عملاً ختم ہوتی نظر آتی ہے۔ کوئی بھی افسر اپنی مرضی کے قوانین نافذ کرسکتا ہے۔ عدالت نے بھی شارق الیاس پر اعتراض کیا تھا اور اسے فوری ہٹا کر دوبارہ محمد رضوان خان کو پی ڈی اورنگی تعینات کرنے کا حکم دیا تھا جسے نظر انداز کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈائریکٹر جمیل فاروقی سابق میئر کراچی وسیم اختر کا حقِ نمک ادا کرنے میں اتنے آگے جا چکے ہیں کہ انہیں چیف سیکریٹری سندھ اور عدالتی احکامات کی کوئی پروا نہیں رہی۔ کے ایم سی کے افسران نے وزیرِ اعلیٰ سندھ، وزیرِ بلدیات اور چیف سیکریٹری سندھ سے دونوں کرپٹ افسران سے کے ایم سی کی جان چھڑانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  یہ بھی پڑھیں: کے ایم سی میں جمیل فاروقی نے پی ڈی اورنگی کا دفتر سیل کرادیا

Related Posts