اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر وفاق نے تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پرائیویٹ اسکولز کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زری صدارت صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا ،صوبائی وزرائے تعلیم کی یہ کانفرنس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں اسکولوں کی بندش یا کھولنے کے حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔
اجلاس کے دوران ملک بھر کے تعلیمی ادارے رواں ماہ 25 جنوری سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ متوقع ہے۔ امتحانات مئی کے آخر یا جون کے آغاز میں کرانے کی تجویز زیرِ غور آئے گی۔
ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کے تحت تعلیمی عمل کے نقصان کے باعث گرمیوں کی چھٹیاں کم کرنے کی تجویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر جنوری میں تعلیمی ادارے کھولنے کے گزشتہ فیصلے کے برعکس فروری تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آج وزرائے تعلیم کی کانفرنس کے بعد تعلیمی اداروں کے حوالے حتمی اعلان کیا جائیگا جبکہ دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا اورسینئر نائب صدر ملک ابرار حسین تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے،سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر،پنجاب کی قیادت بھی اس موقع پر شریک ہوگی۔