سانحہ کوئٹہ مچھ، وزیر داخلہ اور مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

سانحہ کوئٹہ مچھ، وزیر داخلہ اور مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہوگئے
سانحہ کوئٹہ مچھ، وزیر داخلہ اور مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہوگئے

کوئٹہ: وزیر داخلہ شیخ رشید اور سانحہ مچھ شہدا کے لواحقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے، سانحہ مچھ کے مظاہرین نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی یقین دہانی کے باوجود دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دھرنے میں خود تشریف لائیں۔

سانحہ مچھ شہدا کے لواحقین اور ہزارہ برادری کے عمائدین نے حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بھی ان کے ساتھ بہت وعدے کئے گئے لیکن ان میں سے کسی پر بھی عمل نہیں ہوا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود چل کر دھرنے میں آئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر کوئٹہ پہنچے تھے۔ انہوں نے ہزارہ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کے مستعفی ہونے کے علاوہ ان کے تمام مطالبات من وعن تسلیم کئے جائیں گے۔

ہزارہ برادری وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے اور اپنے مطالبات خود ان کے سامنے رکھے۔شیخ رشید احمد نے ہزارہ برادری کے دھرنے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہر شہید یلئے فی کس 10 لاکھ جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے 15، 15 لاکھ دینے کا اعلان کیا تاہم دھرنے کے عمائدین نے اس کو ماننے سے انکار کر دیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ہزارہ برادری کے تمام مطالبات کو وزیراعظم کے سامنے پیش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مچھ واقعہ ظلم اور زیادتی ہے، میں اس پر بہت شرمندہ ہوں۔ اس واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے میں ملوث حملہ آوروں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

انھیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر لواحقین سے درخواست کی کہ وہ شہدا کی عزت واحترام کیساتھ تدفین کریں، تاہم دھرنے میں موجود لوگوں نے اس کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

Related Posts