اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مدارس کے بچوں کو پی ڈی ایم احتجاج میں شرکت سے روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مدارس کے بچوں کو پی ڈی ایم احتجاج سے روکنے کے لیے مشاورت مکمل کر لی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو اس معاملے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کل علماء کرام سے اہم ملاقات کریں گے اور انہیں حکومتی پالیسی پراعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مذہب کی آڑ میں سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت مخالف تحریک جاری ہے اور اس سلسلے میں 19 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے 31 جنوری تک مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔