کراچی: جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے 14 سال بعد پاکستان پہنچی ہے، قبل ازیں جنوبی افریقہ نے 2007ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چارٹرڈ طیارے سے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کی سرزمین پر 14 سال بعد قدم رکھا۔ کپتان کوئنٹن ڈی کوک کے علاوہ جنوبی افریقہ کرکٹ کے آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز جبکہ 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی جس سے قبل جنویب افریقہ کے کھلاڑی کورونا وائرس ٹیسٹ کرائیں گے اور اپنا وقت قرنطینہ میں گزاریں گے۔
مہمان کرکٹ ٹیم کورونا ٹیسٹ کلیئر آنے پر کل سے کراچی میں ہی تربیتی میچز کھیلنا شروع کردے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 26 جنوری کو ہوگا۔
پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل دونوں ٹیمیں ایک بار پھر کورونا وائرس ٹیسٹ کے مرحلے سے گزریں گی۔ 26 جنوری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے۔
دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے قومی اسکواڈ 19 جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگا جبکہ 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہوگا۔
مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف 20رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








