کراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) ہسپتال پر انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اہلکار سمیت 4 افراد نے فائرنگ کی اور ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد پر تشدد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال کے گارڈ اور سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 4 دوستوں کے مابین تصادم ہوا۔ ملزمان ہسپتال میں مریض کو دیکھنے کیلئے زبردستی داخل ہونا چاہتے تھے تاہم ملاقات کا وقت نہ ہونے کے باعث سیکیورٹی گارڈ نے انہیں گیٹ پر روک لیا۔
گیٹ کے ذریعے داخلے سے روکنے پر ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ سے ہاتھا پائی شروع کردی اور ہسپتال کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ اسی دوران ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس سے مریضوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق این آئی سی وی ڈی میں 4 ملزمان نے فائرنگ کی۔ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کو صدر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ این آئی سی وی ڈی انتظامیہ نے ملزمان کو معاف کردیا اور تھانہ صدر میں اس حوالے سے ایک راضی نامہ بھی جمع کرایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما و رکنِ سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی جائے واردات پر موجود تھے۔
رکنِ سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے اس موقعے پر دروازے بند کردئیے تھے۔ گاڑی میں موجود کچھ افراد نے فائرنگ شروع کردی تھی۔ بعد ازاں شہری جمع ہوگئے اور پولیس بھی جائے وقوعہ پر آن پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں: فجر کی نماز کیلئے نہ اٹھنے پر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








