کراچی: شہر قائد میں پیشہ ور گداگروں کیخلاف پولیس کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری، شیر خواروچھوٹے بچوں کو نشہ آور ادویات پلا کر بھیک مانگنے والی خواتین ومرد وں سمیت 78گداگر وں کوگرفتار کرلیا گیا۔
ملیر میں پولیس نے مجموعی طور پر 78 بھکاری مرد و خواتین کو گرفتار کیا جبکہ گرفتار بھکاریوں کیساتھ نشہ آور ادویات کے زیر اثر بچے تحویل میں لے لئے گئے،گرفتار خواتین اور انکے بچوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائیگا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین بچوں کے ذریعے ملیر کے مختلف علاقوں میں بھیک مانگ رہی تھیں ،گرفتار بھکاریوں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے اورگرفتار خواتین کے ساتھ ملنے والے چھوٹے بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کی قانونی کارروائی کے دوران سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعینات کئے گئے چائلڈ پروٹیکشن آفیسر بھی موجود رہے،متاثرہ بچوں کو حکومت سندھ کی جانب سے ملیر میں قائم شیلٹر ہوم میں شفٹ کر دیا گیا۔
ڈی این اے رپورٹ آنے تک شیلٹر ہوم بچوں کے دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا، گداگروں کیخلاف کارروائیاں تھانہ شاہ لطیف سکھن، شرافی گوٹھ، ملیر کینٹ، ائیرپورٹ، اسٹیل ٹاؤن ، بن قاسم گڈاپ، ملیر سٹی اور قائدآباد میں کی گئیں۔