کراچی: معروف گلوکارہ وماڈل مسکان جے کا کہنا ہے کہ عرصہ درازسے لائیو شوز ختم ہو چکے ہیں اور اس کے ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی کام نہ ہونے سے گلوکاروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک انٹر ویو میں مسکان جے کا کہنا تھا کہ شوبز میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو کام نہ ہونے کے باعث پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار تھا اوررہی سہی کسر کورونانے پوری کردی ہے۔
مسکان جے نے کہاکہ جب فلم انڈسٹری میں سر گرمیاں عروج پکڑیں گی تو اس سے جڑے ہوئے شعبے بھی ترقی کریں گے۔ مگر موجودہ ادوار میں ایسا ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ان دنوں جب موسیقی میں کوئی خاص کام نہیں ہو رہا میں نے اس کے باوجود اپنی مشق نہیں چھوڑی اورروزانہ دو گھنٹے ریاضت کرتی ہوں۔
مسکان جے نے کہا کہ نئے فنکار محنت کرنے سے گھبراتے ہیں جبکہ میری ذاتی رائے ہے کہ موسیقی ایسا شعبہ ہے جہاں پر کوئی سفارش اور شارٹ کٹ نہیں چلتا بلکہ آپ کواپنی خوبصورت گائیکی کے بل بوتے پر ہی مقام بنانا پڑتاہے۔آج کل کے فنکار شارٹ کٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔