اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ بھی جلسوں کی طرح بری طرح ناکام ہوگا۔
بنی گالہ میں وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ترجمانوں کو حکومتی فیصلوں اور کفایت شعاری پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج تمام معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں، بڑے عرصے کے بعد لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں واضح اضافہ ہورہا ہے، ہم نے اپوزیشن کا نہ پہلے دباؤ لیا اور نہ آئندہ لیں گے، لانگ مارچ بھی جلسوں کی طرح بری طرح ناکام ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے مشکل حالات میں حکومت ان کے ساتھ ہے، وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ 49 فیصد کم کر دیا ہے، ہمارے دور میں وزیراعظم آفس کا خرچہ 506 ملین سے کم 243 ملین کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کریں گے، ہم نے بہترین امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیے ہیں، ہم نے ارب پتی لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ کی روایت توڑ دی۔
ارکان پارلیمنٹ تحفظات کے باوجود پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے گلے شکوے دور کریں گے۔