کراچی:شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ مرغی کا گوشت مزید 20 روپے اضافے سے 430 روپے کلو ہو گیا۔
واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران چکن 120 روپے کلو تک مہنگی ہو چکی ہے۔ پیرکومرغی کے گوشت کی قیمت میں 20روپے کلو کااضافہ دیکھا گیا،جس کے بعد مرغی کا گوشت 430روپے کلو ہو گیا۔
زندہ مرغی 10 روپے بڑھ کر 275 روپے کلو ہو گئی۔شہریوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس شہر میں کوئی کمشنر کوئی حکومت ہے جو زائد منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرے؟۔
دوسری جانب آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیاکہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں اضافے کے سبب مرغی کی طلب میں اضافہ ہوا اور رسد کم ہونے سے قیمتوں میں اضافے کا رحجان جاری ہے۔