کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے اپنی بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا،افغانستان ، آذربائیجان اور ازبکستان میں پروازیں بڑھانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی ایئرلائن پہلے مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے مابین ایک ہفتے میں پانچ پروازیں چلائے گی،ترجمان پی آئی اے کے مطابق افغانستان ، آذربائیجان اور ازبکستان کے لئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں پاکستان اور کابل کے درمیان ہفتہ وارسات پروازیں چلیں گی۔
پی آئی اے کے شیڈول کے مطابق قومی ایئر لائن 14 مارچ سے باکو کے لئے براہ راست پروازیں شروع کرے گی ،لاہور سے ہفتے میں دو بار پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسی طرح ، قومی ایئرلائن نے 28 مارچ سے ازبکستان کے شہر تاشقند کے لئے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ پروازیں لاہور اور تاشقند کے مابین چلائی جائیں گی۔قومی ایئر لائن نے ازبکستان سے سمرقند اور بخارا تک پروازیں چلانے کے لئے بھی اجازت طلب کی ہے۔