لاہور: سینیٹ انتخابات سے قبل وزیر اعظم کا کل لاہور کا دورہ متوقع، عمران خان پنجاب میں پی ٹی آئی قیادت اور اتحادیوں سے ملاقات کرینگے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان صوبائی دارالحکومت لاہورکے والٹن روڈ میں میگا بزنس سینٹر کا افتتاح کریں گےپاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور اتحادیوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور سے بھی ملاقات کی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم گزشتہ روز اعلیٰ عدلیہ نے ایوان بالا کے انتخاب مروجہ طریقہ کار کے تحت کروانے کا معاملہ پارلیمنٹ بھیج دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سینیٹ الیکشن کے دوران اپنی جماعت اور اتحادیوں کی حمایت یقینی بنانے کیلئے پنجاب کا دورہ کرینگے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں اپنا ووٹ چوری ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے انہوں نے اوپن بیلٹ کی تجویز دی تھی۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اندرون خانہ جوڑ توڑ تیز ہوگیا ہے اور پنجاب حکومت کی اتحادی ق لیگ نے اپنے مطالبات حکمراں جماعت کے سامنے رکھ دیئے ہیں جبکہ وزیراعظم کے دورہ لاہور کے دوران اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔