لاہور: پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، سینیٹ کی نشستیں جیتنے والوں میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے 5، 5 جب کہ (ق) لیگ کا ایک امیدوار شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں، اور تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، سینیٹرزکی کامیابی کانوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیاجائیگا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کے 5، مسلم لیگ (ن) کے 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک امیدوار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری، عون عباس، سیف اللہ نیازی، زرقا تیمور اور علی ظفر سینیٹ کی نشستیں جیت گئے ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ساجد میر، عرفان الحق، افنان اللہ خان، سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کامیابی حاصل کرپائے۔
واضح رہے کہ افنان اللہ خان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حال ہی میں انتقال کرنے والے مشاہداللہ مرحوم کے بیٹے ہیں۔جبکہ مشاہد اللہ خان کا انتقال حال ہی میں ہوا ہے۔