واشنگٹن: امریکا نے جانسن اینڈجانسن کورونا ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی ،کمپنی نے مارچ کے آخر تک 20 ملین خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے منظوری دینے سے پہلے کہا کہ جے اینڈ جے ویکسین کورونا وائر س کی روک تھام کے لئے انتہائی موثر ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ تمام امریکیوں کے لئے ایک خوش کن خبر ہے اور بحران کے خاتمے کی ہماری کوششوں میں ایک حوصلہ افزا ئی ہے ۔
جے اینڈ جے کی اس تیسری ویکسین کو امریکامیں حفاظتی ٹیکوں کی شرح کو بڑھاوا دینے کے ایک اہم وسیلہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے ، جہاں 500000 سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
بڑے کلینکل ٹرائلز میں امریکا میں ویکسین کی کورونا کے خلاف افادیت 85.9 فیصد ، جنوبی افریقہ میں 81.7 فیصد اور برازیل میں 87.6 فیصد تھی،مجموعی طور پر تمام خطوں میں شرکاء میں کورونا کے خلاف ویکسین کی افادیت 85.4 فیصد تھی۔
دسمبر میں فائزر اور موڈرنا کی عارضی طور پر منظوری کے بعد امریکامیں جے اینڈ جے تیسری ویکسین ہے۔
امریکا میں اب تک 65 ملین سے زیادہ افراد نے کم از کم خوراک فائزر یا موڈرنا ویکسین وصول کی ہے لیکن اس کے برخلاف جے اینڈ جے کی ویکسین کی صرف ایک خوراک کی ضرورت ہے ،جے اینڈ جے کی خوراک فائزر اور موڈرنا کی دو دو خوراکوں کے مقابلے کم موثر دکھائی دیتی ہےکیونکہ یہ دونوں ویکسینز کی کورونا کیخلاف مزاحمت کی شرح 95 فیصد ہے۔
جے اینڈ جے ویکسین میں اڈینو وائرس کا استعمال ہوتا ہے جس کو جینیاتی طور پر تبدیل کیا گیا ہے ،جے اینڈ جے کمپنی نے مارچ کے آخر تک 20 ملین خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔