قاہرہ:مصر میں گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران میں سوشل میڈیا پر پھیل جانے والے وڈیو کلپوں نے عوامی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے ساتھ ہی سیکورٹی اداروں نے واقعے میں ملوث شخص کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
عرب ٹی وی کے مطابق وڈیو میں ایک عمارت کے داخلی راستے پر ایک شخص کو ایک چھوٹی بچی کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جائے مقام پر نصب سیکورٹی کیمروں نے اس منظر کو محفوظ کر لیا۔
اسی طرح پڑوس کے افراد اور ملزم کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔سوشل میڈیا صارفین نے وسیع پیمانے پر اس وڈیو کو وائرل کر دیا۔
اس کے نتیجے میں عوامی حلقے چراغ پا ہو گئے اور ہزاروں افراد نے وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزم کو پکڑنے کے لیے جلد حرکت میں آئے۔