گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کے باعث فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد کشیدہ صورتحال کے باعث گلگت بلتستان میں 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں ہتھیاروں کی نمائش، فائرنگ یا اسلحہ لے کر چلنے پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔
سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔ قبل ازیں نلتر پائن کے علاقے میں ایک مسافر بردار گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گلگت بلتستان پولیس نے واقعے کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے 16 افراد کو حراست میں لے کر فائرنگ کی وجوہات پر تفتیش شروع کردی۔
ایس ایس پی گلگت مرزا حسن کا کہنا تھا کہ 3 روز قبل نلتر میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد قتل جبکہ 7 زخمی کردئیے گئے۔ گرفتار کردہ 16 ملزمان غذر اور سکارکوئی کے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
قبل ازیں ہفتے کی صبح نوداس گلگت آر سی سی پل کے قریب بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے واقعے کے ذمہ دار 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








