لاہور: پنجاب میں کورونا وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث صورتحال مزید خرابی کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ماسک نہ پہننے پر درجنوں مقدمات درج کرلیے گئے۔
لاہو ر میں فیس ماسک نہ پہننے پر پہلا مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں درج کیا گیا۔ اسلام پورہ کے رہائشی محمد جاوید کے خلاف ایف آئی آر درج کی جس میں کہا گیا ہے کہ محمد جاوید عالمگیر سڑک پر بغیر ماسک کے جارہا تھا، اس لئے اس کے خلاف کارروائی کی گئی اور مقدمے کا اندراج کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے حکومتی گائیڈلائنزپر من وعن عملدرآمد کروایا جائے گا۔اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
واضح رہے کہ کوروناایس اوپیزکی خلاف ورزی پر 83 مقدمات درج کرلیے گئے، جبکہ ماسک نہ پہننے پر44 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔پولیس نے مقدمات پنجاب وبائی امراض کنٹرول آرڈیننس 2020 کی دفعات کے تحت درج کئے۔