اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے لیکن ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے، محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وزیر اعظم عمران خان کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت زیادہ خطرناک ہے، انہوں نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ماسک کے استعمال اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیلئے ملک گیر مہم چلائی جائے، انہوں نے انتظامی مشینری کو متحرک رہنے کی بھی ہدایت کی۔
ملک بھر میں جاری ویکسینیشن کے عمل اور خریداری پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا،وزیراعظم نے واضح ہدایت دیں کہ ویکسینیشن کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بہتر حکمت عملی سے ہم نے پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا، وقت ایک بار پھر قوم سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں تمام انڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں کیا جائے گا، اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس سلسلے میں حکومت نے ملک کے بیشتر شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔