نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں خطرناک جیب کترے بندروں کے باعث شہری غیر محفوظ ہوگئے، درجنوں شہری قیمتی اشیاء سے محروم۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریننگ یافتہ یہ بندر لوگوں کی جیبوں کو صاف کرنے کی باقاعدہ تربیت حاصل کرتے ہیں اور لوگوں کو جیبوں پر باآسانی ہاتھ صاف کردیتے ہیں۔
بھارتی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ بندروں کے ذریعے چوری کرانے والے اس گروہ کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جس نے ایک بس اسٹاپ پررکشے میں موجود دو افراد کو بندروں سمیت گرفتار کرلیا۔
مذکورہ افراد رکشے میں موجود شخص کی جیب کا صفایا کرنے میں مصروف تھے کہ پولیس پہنچ گئی، پولیس نے بندروں کو اپنی تحویل میں لے کر جانوروں کی پناہ گاہ منتقل کردیا جبکہ گرفتارملزموں نے بتایا کہ انہوں نے بندروں کو جیبوں سے پرس نکالنے کی باقاعدہ تربیت دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔