کراچی : سندھ حکومت نے تاجروں کے احتجاج کے بعد ہفتہ اوراتوار کےروز کاروبار کی بندش کا فیصلہ واپس لیا، کراچی میں بازار کھل گئے، کاروبار جاری، شہریوں کا بھی اطمینان کا اظہار۔
سندھ حکومت نے گزشتہ روزہفتے کے 2 روز کیلئے تمام مارکیٹس اور کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھاجبکہ شادی بیاہ سمیت تمام ثقافتی و سماجی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نئے نوٹیفکیشن کے تحت کورونا کی روک تھام کیلئے نئی ایس او پیز پر عملدر آمد لازمی قرار دے دیا گیاتھا جبکہ کاروبار کی اجازت سحری سے شام 6 بجے تک ہوگی۔
اِس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے رمضان المبارک کے دوران کورونا کی روک تھام کیلئے نئی ایس او پیز جاری کردیں جن کے تحت کاروبار شام 6 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سندھ حکومت نے چند روز قبل تاجروں کی مشاورت سے صوبے میں جمعہ اور اتوار کے روز کاروبار کی بندش پر اتفاق کیا تھا جس کے تحت کراچی میں جمعہ کو کاروبار مکمل طور پر بند رہا تاہم جمعہ کی شام حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز کاروبار کی بندش کے احکامات پر تاجروں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
شہری انتظامیہ اور تاجر رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں حکومت نے تاجروں کا موقف تسلیم کرتے ہوئے ہفتہ کے روز کاروبار کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد شہر بھر میں کاروباری مراکز کھل گئے ہیں اور شہری خریداری کیلئے مارکیٹوں میں پہنچ گئے ہیں۔