اسلام آباد :وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہاہے کہ اگر کوروناسے متعلق ایس او پیز کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو حکومت پابندیاں سخت کرنے پر مجبور ہوسکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہت سنگین ہے لیکن نہ تو لوگ وائرس کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور نہ ہی احتیاطی اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ،وفاقی دارالحکومت میں روزانہ لگ بھگ 600 مریض اسپتالوں میں لائے جارہے ہیں جبکہ سندھ میں بھی اس وباء کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیسزکی بڑھتی ہوئی تعداد صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر دباؤ ڈال رہی ہے کیونکہ متعدد شہروں میں وینٹیلیٹر کا استعمال 80 فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ ملک میں آکسیجن پر موجودمریضوں کی تعداد 4000 کو عبور کر چکی ہے۔
اسد عمر نے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے کہا کہ حکومت ابھی بڑے شہروں کو بند نہیں کررہی ہے لیکن اگر آئندہ دنوں میں ہدایات پر عمل نہ کیا گیاتو صورتحال مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جاسکتی ہے۔