کراچی:سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعیدالزماں کے بیٹے کے بنگلے پر فائرنگ ،افنان صدیقی محفوظ رہے،ڈرائیور چوٹ لگنے سے زخمی ہوگیا، ملزمان بھاگ نکلے۔
ڈیفنس خیابان راحت میں واقع سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزماں صدیقی کے بیٹے کے بنگلے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈرائیور زمین پرگرنے سے زخمی ہو گیا جبکہ محافظ کی فائرنگ پر ملزمان فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیرکے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم ایک تھا اورموٹرسائیکل پرسوار تھا، پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے،پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول اوردیگرشواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان کے بیٹے افنان صدیقی کے مطابق والد کی وفات کے بعد76 ٹاؤن اسلام آباد میں ساڑھے3 ایکڑ پلاٹ الاٹ ہواتھا اور2018 میں وہ اپنی والدہ کے ہمراہ جب اسلام آباد میں اس پلاٹ پرپہنچے تووہاں موجود عرفان اللہ کنڈی نامی شخص نے ان پر اوران کی والدہ پر براہ راست فائرنگ کی اوروہ وہاں سے بڑی مشکل سے نکل کرتھانے پہنچے اوراس شخص کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
افنان صدیقی نے بتایا کہ عرفان اللہ کنڈی ان کی والدہ کو فون کالزکرکے کہتا تھا کہ اسلام آباد اورکراچی کی پراپرٹی انہیں دے دو اورجو رقم دیں وہ رکھنی پڑے گی ورنہ جان سے ہاتھ دھونی پڑے گا۔
افنان صدیقی نے بتایا کہ عرفان اللہ کنڈی کے بھانجے بھتیجے قریب ہی رہائش پذیر ہیں اوراکثرگھر پر فائرنگ کرواتے ہیں انہیں عرفان اللہ کنڈی کی جانب سے جان کا خطرہ ہے۔