اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے شوگر اسکینڈل کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں پنجاب کے ایک اور وزیر کو طلب کرلیا ، محسن لغاری کو ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیرآبپاشی محمد محسن لغاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 4 مئی کو نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوں، ان کو 2018 سے 2019 تک شوگر سبسڈی ریکارڈ کے ساتھ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے اور برآمد کی اجازت سے متعلق ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے پنجاب میں شوگر ملوں کو فراہم کی جانے والی سبسڈی کی تفصیلات بھی مانگی ہیں، گذشتہ ہفتے نیب کی ٹیم نے کمشنر اور چیف سیکریٹری پنجاب کے دفاتر کا دورہ کیا اور ریکارڈ چیک کیا تھا۔
واضح رہے کہ نیب نے 4مئی کوپنجاب کے وزیر میاں اسلم اقبال اور سابق وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کو بھی طلب کیا ہے۔
میاں اسلم اقبال اور سمیع اللہ چوہدری سے کہا گیا ہے کہ وہ چینی پرسبسڈی سے متعلق 2018 سے لے کر 2019 تک ریکارڈ ہمراہ لائیں،ایکسپورٹ پرمٹ کی دستاویزات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔