اسلام آباد :قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والے 19 ہزار 727 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیئے گئے ہیں۔
نیکٹا کے مطابق یہ تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس فیس بک، ٹویٹر اور گوگل کی جانب سے بند کئے گئے ہیں۔نیکٹاکے مطابق بلاک کئے گئے اکاؤنٹس میں سے 9 ہزار 633 پیجز مذہبی منافرت پھیلا رہے تھے۔
نیکٹا کے مطابق 10 ہزار 94 سوشل میڈیا اکاؤنٹس دہشت گردی کو فروغ دے رہے تھے۔نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق مواد پھیلانے والی 5 ویب سائٹس بھی بلاک کی گئی ہیں۔
نیکٹا کا مزید کہنا ہے کہ سماجی رابطے کے اداروں نے یہ اکاؤنٹس پی ٹی اے کی درخواست پر بند کیئے ہیں۔نیکٹا نے کہا کہ پاکستان نے 2020 ء میں 24 ہزار 38 شکایات سماجی رابطے کے اداروں کو درج کرائی تھیں۔
16 اپریل کوملک بھر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔
پی ٹی اے کی جانب سے صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سوشل میڈیا پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی وجہ سے ٹوئٹر، واٹس اپ، انسٹاگرام ،یوٹیوب، ٹک ٹاک،ٹیلی گرام اورفیس بک بند کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران تحریک لبیک کی طرف سے ڈالا جانیوالا مذہبی مواد ہٹانے کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی تھی۔