اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے شیخ رشید کی ہدایت پر ملک کے تین صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت داخلہ کے حکام کاکہنا ہے ابھی سندھ میں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سول حکومت کی مدد کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی سے متعلق اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
جاری ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کورونا صورتحال پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کا اہم اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس کے بعد ملک کے 3صوبوں سمیت گلگت اور کشمیر میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
شیخ رشید احمد کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاک فوج تعینات کرنے کا حکم دیا تھا، فوج انتظامیہ سے مل کر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرائے گی۔ نوٹیفکیشن این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے تین سے چار لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ، بھارت میں شمشان گھاٹ اور قبرستان ایک ہو چکے ہیں، ایسے حالات دیکھ کر فوج کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔