لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث کمشنر لاہور محمد عثمان اور سی سی پی نے ماسک نہ پہننے والوں کو جیل میں ڈالنے کا اعلان کردیا ہے۔
کمشنر لاہور نے سی سی پی او اور دیگر افسران کے ہمراہ کمشنر آفس میں پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ شہر میں ایس او پیز کا جائزہ لینے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا روزانہ4 بجے کے بعد فلیگ مارچ ہو گا۔
کمشنر لاہورمحمد عثمان اورسی سی پی او غلام محمد ڈوگر کا کہنا تھا کہ اب جو ماسک نہیں پہنے گا اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور اسے سزا دلوائی جائے گی، ماسک نا پہننے والوں کو قانون کے مطابق جیل میں ڈالا جائے گا اورریسٹورنٹس کے باہر پارکنگ ڈائننگ پر بھی پابندی ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج اور دیگر ادارے مل کر شہر کے تمام علاقوں کا دورہ کریں گے جب کہ مائیکروا سمارٹ لاک ڈاؤن ایریاز میں آمد و رفت کو بالکل زیرو سطح پر لائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 487 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 142 مزید شہری جاں بحق ہوگئے ہیں اور پنجاب میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے۔