نئی دہلی :بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قابو نہ پایاجاسکا، ملک میں مزید 3 لاکھ 86 ہزار 888 کیسز سامنے آگئے، 3501 شہری زندگیوں سے ہاتھ دھوبیٹھے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 66159 نئے کیسزدرج ہوئے۔ کیرالہ میں 38ہزار607 اور اتر پردیش میں 35ہزار156 کیس سامنے آئے۔
دہلی میں 395 اموات اور 24ہزار235 کے قریب کیسزدرج ہوئے ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرناٹک میں 39ہزار47 کوروناکیسز کے ساتھ جمعہ کے روز ایک نیا ریکارڈ سامنے آیا۔
ایک دن میں 3501 افراد کی ہلاکت کے بعد اس مہلک بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ8 ہزار313 ہوگئی ہے تاہم اگربدھ کے اعداد و شمار سے موازنہ کیا جائے تو بدھ کے روز 24 گھنٹوں کے دوران 3647 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں لیکن کل یہ تعداد کم ہوکر 3501 ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی آج ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے مرکزی وزراء کی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کورونا وائرس کی وباء کی دوسری لہر کے بعد وزیروں کی کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔