اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ طاقتور طبقے کو احساس دلانا ہوگا کہ کمزور طبقہ ان کی ذمہ داری ہے ،وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدور طبقے کے ساتھ ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں، وزیراعظم کی خواہش ہے ایران، سعودی عرب تعلقات بہتر ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل (ن) لیگ کی تنقید دیکھ کر حیرت ہوئی، شہباز شریف کہہ رہے ہیں آپ کو مزدوروں کی بات نہیں کرنی چاہئے، (ن) لیگ نے کہا کہ مزدور کی بات کر کے وزیراعظم نے کیا ثابت کیا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدور طبقے کے ساتھ ہیں، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، این اے 249 کراچی میں ہر ووٹ ٹمپرڈ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور طبقے کو احساس دلانا ہوگا کہ کمزور طبقہ ان کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم نے تارکین وطن کے حقوق سے متعلق بات کی، تارکین وطن کی ترسیلات کا معیشت میں اہم کردار ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ زیادتی کی شکار خاتون مدد کیلئے سفارتخانے پہنچی، سفارتخانے میں موجود ایک شخص نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا، خاتون ڈر کر اسی گھر میں واپس آگئی جہاں اس سے زیادتی ہوئی تھی۔ کیا ایسے سفارتخانوں کیخلاف کارروائی نہیں ہونی چاہئے، ایسے واقعات پر وزیراعظم نہیں بولیں گے تو کون بولے گا؟ سفارتخانے کے عملے کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔