اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے سعودی عرب یا کسی بھی دوسرے ملک کی طرف سے سہولت وثالثی کا خیرمقدم کرینگے۔
وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت ہمیشہ بات چیت کے معاملے میں پیچھے رہتا ہے لیکن پاکستان تیسری پارٹی کی سہولت کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست ہے اور اس کے بھارت کے ساتھ کاروباری تعلقات بھی ہیں جو سعودی تیل کا ایک بہت بڑا درآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب مذاکرات کی سہولت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا سعودی عرب سمیت دنیا نے خیرمقدم کیا تھا۔ وزیر خارجہ نے تصدیق کی کہ اس وقت بھارت کے ساتھ کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہورہی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ مذاکرات شروع ہوں تو اس کو پہلے قدم اٹھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا ک اگر بھارت پاکستان کے ساتھ بامقصد مکالمہ چاہتا ہے تو اسے کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی ہوگی اور ان کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو ختم کرنا ہوگا۔