بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے 18 سال پہلے فلم رہنا ہے تیرے دل میں کے ساتھ بالی وڈ میں اپنے ایکٹنگ کیریئر کی شروعات کی تھی۔اس دور کو یاد کرتے ہوئے دیا نے کہا کہ ان کی یہ رومانٹک ڈرامہ فلم اپنے وقت سے آگے بڑھ کر تھی۔
دیا مرزا نے اسے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ‘ پہلی چیز ہمیشہ خاص ہوتی ہے، لیکن رہنا ہے تیرے دل میں ایک ایسی فلم ہے جو اپنے وقت سے پہلے کی تھی اور یہ ایک خوبصورت کہانی تھی جس میںرومانس بھرپور تھا۔
سنہ 2001 میں فلم ’رہنا ہے تیرے دل میں‘ سے اپنے فنی کریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ دیا مرزا کو انڈین فلم انڈسٹری میں بیس برس پورے ہونے والے ہیں۔ ہیروئن کے کرداروں کے ساتھ ساتھ دیا مرزا متعدد فلموں میں مہمان اداکار کے طور پر بھی نظر آئی ہیں۔
روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ بات چیت میں دیا کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ ہمیشہ سے مردوں کے غلبے والی انڈسٹری رہی ہے جہاں ایک 50 برس سے زیادہ عمر کا ہیرو 19 برس کی ہیروئن کے ساتھ رومانس کرتا نظر آتا ہے تاکہ اس کی شیلف لائف برقرار رہے۔
دیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ بڑی عمر کی ہیروئنز کے لیے کہانیاں لکھی ہی نہیں جاتیں جبکہ عمر دراز ہیروز کے لیے بے شمار کہانیاں لکھی جا رہی ہیں۔
دیا مرزا کا خیال تھا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے سبب اداکاراؤں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور وہ امید کرتی ہیں کہ اس پلیٹ فارم پر بڑی عمر کی اداکاراوں کو اچھی کہانیاں ملیں گی جس میں ان کا مرکزی کردار ہو گا۔
جہاں تک او ٹی ٹی پلیٹ فارم کا تعلق ہے اس کے آنے کے بعد سے اب ایک طرح سے سٹار ڈم کی تشریح ہی بدلنے لگی ہے۔
یہاں ریلیز ہونے والی فلمیں پسند بھی کی جا رہی ہیں اور ان فلموں یا سیریز میں جس طرح کا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے اس سے نہ صرف انڈسٹری کی شکل بلکہ معنی ہی بدلتے نظر آ رہے ہیں۔