تنگوانی : کندھ کوٹ قبائلی تصادم میں ایک ہی خاندان کے قتل ہونے والے 10 افراد کے جنازے اٹھنے پر علاقہ میں قیامت کا منظر ،ورثاء غم سے نڈھال، علاقے کی فضاء سوگوار ہوگئی۔
کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے درانی مہر تھانہ کی حدود میں گاؤں زمان چاچڑ پر گزشتہ روز سبزوئی اور جاگیرانی برادری کے مسلح افراد نے حملہ کردیا تھا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 10 افراد کے ایک ساتھ جنازے اٹھنے پر ورثاء اپنے پیاروں کی لاشیں دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔
ہلاک ہونے والوں میں تین بھائی ایک باپ اور دو بیٹے شامل ہیں ، 10 افراد کے جاں بحق ہونے کے باوجود پولیس قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی،مقتولین کوجنازہ نماز کے بعد ان کو اپنے گاؤں کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
افسوسناک واقعے کے بعد کندھ کوٹ ضلع بھر کی پولیس نے ایس ایس پی امجد شیخ کی قیادت میں درانی کے علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کیا جبکہ پولیس نے کچے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے ملزمان کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے ہیں ۔
ایس ایس پی امجد شیخ کا کہنا ہے کہ قبائلی تصادم میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ،انہوں نے کہا کہ مقتول کے ورثاء کوانصاف فراہم کیا جائے گا اور تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انہیں کیفرے کردار تک پہنچایا جائے گا ۔