پنوں عاقل میں ملتان سے کراچی آنے والی مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ پنوں عاقل کے علاقے سانگی میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 30 زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
روہڑی اور پنوں عاقل کے تحصیل ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 13 افراد کی میتیں لائی گئیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے سکھر اور پنوں عاقل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ امدادی کاموں میں پاک فوج کے جوان بھی شامل ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
قبل ازیں ٹیپوسلطان پل کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا۔
ٹریفک حادثہ جنوری کے دوران کراچی کے علاقے ٹیپوسلطان پل کے قریب پیش آیا، ٹرک، رکشہ اور 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی وجہ سے ٹیپوسلطان پل پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ۔
مزید پڑھیں: کراچی:ٹیپوسلطان پل کے قریب ٹریفک حادثہ،9 افراد زخمی ہو گئے
یاد رہے کہ اِس سے قبل لسبیلہ آر سی ڈی ہائی وے پر مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔
ابتدائی طور پر لسبیلہ حادثے کے نتیجے میں 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، تاہم ریسکیو ذرائع نے بعد ازاں تصدیق کی کہ فروری میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہے۔
مزید پڑھیں: ہائی وے پر مسافر کوچ الٹ گئی، خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








