اسلام آباد: ریکوڈک عملدرآمد کیس میں پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوگیا، برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا، قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثوں کو بحال کردیا۔
برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے ٹیتھیان کمپنی کی درخواست خارج کردی اور اسے حکم صادر کیا کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روزویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور کو ہٹا دیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کہ ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس لے لئے گئے ہیں، یہ فیصلہ پاکستان کی بہت بڑی جیت ہے۔
اٹارنی جنرل کے مطابق ریکوڈک کیس میں ٹیتھان کاپر کمپنی کے حق میں فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی پاکستان کو واپس مل گیا ہے۔