رام اللہ:فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی میں تعمیر کے لیے جاپان نے فلسطینی اتھارٹی کو فوری طور پر ایک کروڑ ڈالر کی امداد جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ گذشتہ روز فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اپنے جاپانی ہم منصب ٹوشیمیٹزو موٹیگی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں جاپانی وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی کی فوری تعمیر نو کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم جاری کرنے کا اعلان کیا۔اس موقعے پرموٹیگی کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں فوری طور پر تعمیر نو کا عمل شروع ہونا چاہیے۔
جاپانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم غزہ میں تعمیر نو کے عمل میں ہرممکن امداد فراہم کریں گے اور فوری طور پر فلسطینی اتھارٹی کو ایک کروڑ ڈالر کی رقم ادا کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 10 مئی سے 21 مئی تک اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری شروع کی تھی جس میں 255 فلسطینی شہید اور 1600 سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔