اسلام آباد :شہر اقتدار میں پولیس اہلکار بھی غیر محفوظ،گشت پر نکلے دو اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے گولیاں برسادیں، دو جوان شہید ہوگئے۔
جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب آئی جے پی روڈ پر کیریج فیکٹری کے قریب گشت پر مامور پولیس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں نے شہادت نوش کرلی،شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت بشیر اور اشتیاق کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشن اور دیگر پولیس اہلکار موقع پرپہنچ گئے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ کرائم سین سے تمام شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس حکام اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں جرائم کی وارداتوں میں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، شہر اقتدار کے باسی اسلام آباد پولیس سے نالاں دکھائی دیتے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی سرپرستی میں جرائم بڑھ رہے ہیں اور راشی پولیس افسران و اہلکار جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے۔