اسلام آباد: فیڈرل ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز (فیج) کے تحت 50 سے زائد محکموں کے انجینئرز الاؤنسز کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز (فیج) کے 50 سے زائد محکموں سے تعلق رکھنے والے انجینئرز کا مطالبہ ہے کہ ہمیں ٹیکنیکل الاؤنس اور انجینئر الاؤنس دیا جائے۔
فیڈرل ایسوسی ایشن آف گورنمٹ انجینئرز کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہمارے ساتھی انجینئرز نے سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا جنہیں ان کا حق مل گیا اور سندھ میں بھی الاؤنسز ملنے والے ہیں۔
فیج کے عہدیداران کے مطابق آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے انجینئرز بھی یہ الاؤنسز حاصل کر رہے ہیں جبکہ وفاق کے 50 سے زائد محکموں سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار 500 سے زائد انجینئرز الاؤنسز سے محروم ہیں۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیج سے تعلق رکھنے والے انجینئرز نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سروس انفرا اسٹرکچر بھی بحال کیا جائے۔ انجینئرز کو نوکریاں دی جائیں۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھیں گے۔
انجینئرز کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں ہم ڈی چوک پر دھرنا دیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ 11 جون کو پیش ہونے والے بجٹ میں ہمارے الاؤنسز بھی منظور کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف پی سی سی آئی کے مطالبے پر تنازعات کے حل کیلئے ٹریبونلز قائم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








